چیئرمین سینیٹ کا نرسنگ برادری، پیرا میڈیکل سٹاف اور شعبہ صحت سے وابستہ افراد کو خراج تحسین

چیئرمین سینیٹ کا نرسنگ برادری، پیرا میڈیکل سٹاف اور شعبہ صحت سے وابستہ افراد کو خراج تحسین

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نرسنگ برادری، پیرا میڈیکل سٹاف اور شعبہ صحت سے وابستہ تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت میرے دل کے قریب ترین شعبے ہیں اور ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے لیے معیاری صحت اور تعلیم کی فراہمی ناگزیر ہے۔ نرسز کے عالمی دن کی مناسب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہسپتالوں کا معیار ایسا ہونا چاہیے کہ شہریوں کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں مختیار ہسپتال کا قیام صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے بنایا گیا ہے۔ تقریب کا اہتمام معروف انٹر نیشنل ہسپتال اور موون پک ہوٹل سینٹارس کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ طب میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جو مشکل ترین حالات میں نہ صرف مریضوں کی دیکھ بھال کرتی ہیں بلکہ ان کے اہل خانہ کو بھی حوصلہ، امید اور اعتماد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ برادری کی خدمات انسانیت کے لیے عظیم سرمایہ ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں اور انتھک خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جدید اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں اور سینیٹ آف پاکستان عوامی صحت کے نظام کو مضبوط، موثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل بل 2026 پر دستخط کیے جا چکے ہیں جس کے ذریعے نرسنگ کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ معیار کو عالمی سطح کے مطابق استوار کرنے میں مدد ملے گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لا سکتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی جدید خطوط پر تربیت ناگزیر ہے تاکہ پاکستان کا نظام صحت عالمی معیار کے مطابق استوار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل میں سرمایہ کاری دراصل قومی استحکام، معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ نرسنگ کمیونٹی کو بہتر ورکنگ ماحول، مساوی مواقع اور پیشہ ورانہ ترقی کے وسیع امکانات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تربیت یافتہ افرادی قوت کی دنیا بھر میں بڑی قدر کی جاتی ہے جو اس امر کا ثبوت ہے کہ اگر مقامی سطح پر معیاری سہولیات اور تربیت فراہم کی جائے تو پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملتان میں مختیار شیخ ہسپتال کا قیام عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے اور اسی طرز کے جدید اور معیاری طبی مراکز ملک بھر میں قائم کیے جانے چاہئیں تاکہ ہر شہری کو اس کے دروازے پر معیاری علاج کی سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری طبی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہیں اور ہمیں اجتماعی طور پر ہسپتالوں کا معیار بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند، مضبوط اور خوشحال پاکستان ہم سب کا مشترکہ وژن ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت، پارلیمنٹ، طبی ماہرین، نرسنگ برادری اور عوام کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ نے عالمی یوم نرسز کے موقع پر ایک بار پھر نرسنگ برادری کی قومی خدمات، جذبہ ایثار اور انسان دوستی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان محسنوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔