اسلام آباد/لودھراں۔12اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مرحوم مہر حاجی رشید احمد دھمرایا کی سالانہ برسی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی ۔تقریب میں سجادہ نشین دربار حضرت موسیٰ پاک شہید دربار سید ابوالحسن گیلانی نے اجتماعی دعا کرائی جبکہ علمائے کرام نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کی دینی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد موجود تھی، جن میں ممبر قومی اسمبلی صدیق خان بلوچ سمیت دیگر معززین شامل تھے۔
مقررین نے مرحوم مہر حاجی رشید احمد دھمرایا کی فلاحی خدمات اور علاقے کے لیے ان کی گراں قدر کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی خدمتِ خلق کی روشن مثال تھی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مرحوم جیسے مخلص اور دردمند افراد معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، جن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کی زندگیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہمیں معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔