چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی جمہوریہ آذربائیجان کی قیادت، پارلیمنٹ، حکومت اور عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی جمہوریہ آذربائیجان کی قیادت، پارلیمنٹ، حکومت اور عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جمہوریہ آذربائیجان کی قیادت، پارلیمنٹ، حکومت اور عوام کو ان کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ دوطرفہ تعلقات باہمی احترام، مشترکہ ثقافتی اقدار اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر مشترکہ نقطہ نظر کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنی آذربائیجانی ہم منصب صاحبہ غفارواکے نام خصوصی تہنیتی مراسلہ بھی ارسال کیا ہے جس میں انہیں تہہ دل سے مبارکباد پیش کی، خط میں چیئرمین سینیٹ نے ان کی بلندی صحت اور آذربائیجان کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور گزشتہ دہائیوں کے دوران آذربائیجان کی نمایاں پیشرفت اور ترقی کو سراہا۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری سٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانے، تجارتی تعلقات اور عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام کے اختتام پر برادر ملک آذربائیجان کے عوام کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کی دعا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دوطرفہ شراکت داری کو مزید نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی جاری رکھے گا۔