چیئرمین ایچ ای سی کی چھٹے بین الاقوامی طلبہ کنونشن اور ایکسپو کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

چیئرمین ایچ ای سی کی چھٹے بین الاقوامی طلبہ کنونشن اور ایکسپو کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):چھٹے بین الاقوامی طلبہ کنونشن اور ایکسپو کے کامیاب اختتام پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین اور اس تقریب کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے ایک پیغام میں اس کو سراہتے ہوئے منتظمین، میزبان جامعات اور طلبہ شرکا کو اس تقریب کو تعلیمی سفارت کاری اور نوجوانوں کی مصروفیت میں ایک سنگ میل قرار دیا۔کنونشن کے اختتام پر جاری کردہ ایک بیان میں چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ میں منتظمین، شریک تعلیمی اداروں اور طلبہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں خاص طور پر بین الاقوامی طلبہ کنونشن کے سی ای او اور بانی محمد مرتضیٰ نور کی پرعزم کوششوں اور قیادت کو سراہتا ہوں جن کی لگن نے اس اقدام کو نوجوانوں کی مصروفیت، تعلیمی اشتراک اور اختراع کے لیے ایک اہم قومی پلیٹ فارم میں تبدیل کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید میزبان جامعات اور شراکت دار جامعات کو ان کے تعاون پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اس بامعنی اقدام میں شرکت پر فخر محسوس کرتا ہے، کمیشن معیاری تعلیم، طلبہ کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی کو فروغ دینے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔اس 4 روزہ چھٹے کنونشن کے تحت تقریبات کی مشترکہ طور پر میزبانی کرنے میں پاکستان کی چار معروف جامعات قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، پی اے ایف-آئی اے ایس ٹی ہری پور اور فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد شامل تھیں۔

چار روزہ تقریب میں 34 سے زائد مقابلے، انوویشن اور ایجوکیشن ایکسپو، سیمینارز، ثقافتی نمائشیں اور قیادت کی ورکشاپس منعقد کی گئیں جن میں 25 سے زائد ممالک کے شرکا نے شرکت کی۔ بین الاقوامی طلبہ کنونشن اور ایکسپو کے انتظامیہ نے چیئرمین ایچ ای سی کے ان کی بھرپور رہنمائی اور حمایت پر گہرے تشکر کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہاکہ ہم چیئرمین ایچ ای سی کی انمول قیادت پر مخلصانہ شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے اس کنونشن کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ پلیٹ فارم میں بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔