چاغی کے پہاڑوں میں گونجنے والی تکبیر نے نہ صرف پاکستان کے دفاع کو مضبوط کیا بلکہ قومی خودمختاری کو بھی یقینی بنایا ،وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر

چاغی کے پہاڑوں میں گونجنے والی تکبیر نے نہ صرف پاکستان کے دفاع کو مضبوط کیا بلکہ قومی خودمختاری کو بھی یقینی بنایا ،وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے یومِ تکبیر کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی 1998ء پاکستان کی تاریخ کا ایک عظیم، فیصلہ کن اور قابلِ فخر دن ہے جب پاکستان نے کامیاب ایٹمی تجربات کر کے اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے یوم تکبیر پر جمعرات کو جاری
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ چاغی کے پہاڑوں میں گونجنے والی تکبیر نے نہ صرف پاکستان کے دفاع کو مضبوط کیا بلکہ قومی خودمختاری، وقار اور تزویراتی توازن کو بھی یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن کر ابھرا، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے شدید عالمی دباؤ اور مختلف ترغیبات کو مسترد کرتے ہوئے قومی مفاد میں جرات مندانہ اور تاریخی فیصلہ کیا، جسے پاکستانی قوم ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں کیے گئے ایٹمی تجربات نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی جبکہ ملکی سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین نے اپنی محنت، صلاحیت اور قومی جذبے سے اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور دیگر سائنسدانوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وجیہہ قمر نے کہا کہ افواجِ پاکستان قومی سلامتی اور ایٹمی اثاثوں کے تحفظ کے لیے مثالی کردار ادا کر رہی ہیں اور پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں قومی اتحاد، خوداعتمادی، ترقی اور استحکام کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو تعلیم، تحقیق، سائنسی ترقی اور قومی یکجہتی کے ذریعے مزید مضبوط اور خوشحال بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنے تمام قومی ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے پاکستان کو ایک مضبوط اور باوقار ایٹمی قوت بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔