پی ٹی اے نےرات کے اوقات میں سم فروخت پر پابندی عائد کر دی

پی ٹی اے نےرات کے اوقات میں سم فروخت پر پابندی عائد کر دی

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ریگولیٹری ضوابط پر سختی سے عملدرآمد اور غیر قانونی سموں کے اجرا کی روک تھام کے لئے اپنی جاری کوششوں کے تحت تمام موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کو ملک بھر میں رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک سموں کی فروخت معطل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔منگل کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق ان ہدایات کے تحت تمام مجاز سم فروخت مراکز، خصوصاً فرنچائزز اور ریٹیلرز، مقررہ اوقات کی پابندی کے پابند ہوں گے۔

ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ٹیلی کام قوانین اور ضوابط کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پی ٹی اے کی جانب سے عوام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ صرف مجاز سیلز آؤٹ لیٹس سے مقررہ اوقات کے دوران سم خریدیں اور سم کی فعالیت سے قبل بائیومیٹرک تصدیق کے عمل کو یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں شہری ان ہدایات کی خلاف ورزی کی اطلاع پی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس)، پی ٹی اے سی ایم ایس ایپ، پی ٹی اے ڈیجیٹل اسسٹنٹ (واٹس ایپ: 03150055055) یا ٹول فری نمبر080055055 کے ذریعے دیں۔یہ اقدام صارفین کے تحفظ، سموں کے غیر قانونی استعمال کی مؤثر روک تھام، اور پاکستان میں محفوظ، شفاف اور قابلِ اعتماد ٹیلی کام نظام کے فروغ کے لئے پی ٹی اے کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔