پینسٹھ ہزار پاکستانی عازمینِ سعودی عرب پہنچ گئے، حج آپریشنز کا 55 فیصد مرحلہ طے

پینسٹھ ہزار پاکستانی عازمینِ سعودی عرب پہنچ گئے، حج آپریشنز کا 55 فیصد مرحلہ طے

مکہ مکرمہ ۔12مئی (اے پی پی):پاکستان سے حج 2026 کے لیے عازمین کی سعودی عرب آمد جاری ہے اوراب تک مجموعی طور پر 65,657 سرکاری عازمین حج مقدس سرزمین پر پہنچ چکے ہیں، جو کہ پاکستان کے کل سرکاری حج کوٹہ کا 55 فیصدہے ۔

ان میں سے 35,793 عازمین مدینہ منورہ پہنچے جبکہ 29,864 عازمین براہِ راست جدہ کے راستے مکہ مکرمہ پہنچے ہیں ۔ اس وقت عازمین کی بڑی تعداد یعنی 61,607 (94 فیصد) مکہ مکرمہ میں مقیم ہے، جبکہ 4,050 عازمین (6 فیصد) مدینہ منورہ میں موجود ہیں ۔

عازمین کی سہولت کے لیے اب تک مجموعی طور پر 262 پروازیں سعودی عرب پہنچ چکی ہیں، جن میں سے 143 مدینہ منورہ اور 119 جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ کر چکی ہیں ۔عازمین حج کی رہنمائی اور معاونت کے لیے وزارت مذہبی امور کا عملہ بھی بڑی تعداد میں تعینات ہے، جس کے تحت اب تک مجموعی طور پر 1,322 اہلکار (84 فیصد) اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں ۔

ان میں 826 پاکستانی معاونین، 292 طبی عملہ اور 202 تکنیکی و میڈیا سٹاف شامل ہے ۔ اس کے علاوہ مکہ اور مدینہ میں مقامی طور پر 893 خدام کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔

مکہ مکرمہ میں حجاج کی نقل و حمل کو آسان بنانے کے لیے 294 بسیں اور کوسٹرز تعینات کیے گئے ہیں ۔ رہنمائی کے شعبے میں بھی نمایاں کام ہو رہا ہے، جہاں مکہ میں اب تک 14,861 عازمین کو حرم گائیڈنس فراہم کی گئی ہے جبکہ 26,806 عازمین ریاض الجنہ کی زیارت کر چکے ہیں ۔

طبی سہولیات کے حوالے سے مکہ مکرمہ میں 33 اور مدینہ منورہ میں 3 ڈسپنریوں سمیت مجموعی طور پر 36 طبی مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں اب تک 27,406 مریضوں کو آؤٹ ڈور طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے ۔ عازمین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے بھی ایک جامع نظام موجود ہے، جس کے تحت خوراک، رہائش اور ٹرانسپورٹ سے متعلق موصول ہونے والی 936 شکایات میں سے زیادہ تر کو حل کر لیا گیا ہے