پیما کا اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ایچ آئی وی کیسز میں اضافے پراظہارتشویش

پیما کا اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ایچ آئی وی کیسز میں اضافے پراظہارتشویش

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ایچ آئی وی کیسز میں خطرناک اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پبلک ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ حکومت غیر محفوظ طبی پریکٹسز کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کرے۔ عوام الناس کے لیے آگاہی مہمات چلائی جائیں اور انفیکشن کنٹرول پروٹوکول پر سخت عملدرآمد کیا جائے۔مرکزی صدر پیما پروفیسر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ حالیہ عرصے میں 2449 سے زائد بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص ایک انتہائی تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔ تونسہ، اسلام آباد، کراچی، لاڑکانہ، قمبر اور شہدادکوٹ جیسے علاقے شدید متاثرہ ہاٹ سپاٹس کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

یو این ایڈز کی رپورٹ ہمارے ملک میں ایچ آئی وی کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے مزید تشویش کا باعث ہے۔ جس کے مطابق اندازاً ملک میں تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار افراد ایچ آئی وی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ ان میں سے صرف تقریباً 74 ہزار افراد ہی اپنی بیماری سے آگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی بڑی وجوہات میں غیر محفوظ طبی طریقہ کار، عطائی ڈاکٹرز اور غیر تربیت یافتہ عملے کی جانب سے انجکشن کا غیر محفوظ و دوبارہ استعمال اور بغیر سکریننگ خون کی منتقلی شامل ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر محفوظ طبی پریکٹسز کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے، بلڈ بینکس کی مکمل اسکریننگ اور نگرانی کی جائے اور بچوں کی حفاظت کے لیے خصوصی ہنگامی حکمتِ عملی طے کی جائے۔