اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی بے بنیاد الزام تراشی کے جواب میں پاکستانی قیادت نے اصولی اور دوٹوک موقف ا پنایا۔ پاکستانی قیادت نے بھارت کے جارحانہ عزائم کو بھانپتے ہوئے اسے کھلے الفاظ میں خبردار کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 26 اپریل 2025 کو پی ایم اے کاکول میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بغیر تحقیقات اور شواہد کے پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔پہلگام کا حالیہ واقعہ بھی اسی بے بنیاد الزام تراشی کی واضح مثال ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے پہلگام واقعے پر بھارت کو غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری کی غیر مشروط پیشکش بھی کی۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پانی کے بہائو کو روکنے، کم کرنے یا موڑنے کی کسی بھی مذموم کوشش کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری بہادر مسلح افواج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کےلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ماہرین کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پہلگام واقعے کی شفاف انکوائری کی پیشکش کر کے پاکستان کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پیش کیا۔بھارتی قیادت اگر پہلگام واقعے کی انکوائری کی پاکستانی پیشکش تسلیم کر لیتی تو شاید اسے معرکہ حق میں دنیا کے سامنے رسوائی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔