کوئٹہ۔ 16 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی کی زیرِ صدارت پانچ روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیےاجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہم کے دوران اب تک حاصل کردہ اہداف اور فیلڈ میں پیش آنے والے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس ہرنائی میں منعقدہ اس ایوننگ ریویو میٹنگ میں ضلع بھر کے یونین کونسل مانیٹرنگ آفیسرز (UCMOs) اور متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد مہم کے ابتدائی تین دنوں کی پیشرفت کا جائزہ لینا اور باقی ماندہ دنوں کے لیے حکمت عملی کو مزید موثر بنانا تھا۔اجلاس کے دوران تمام یونین کونسل مانیٹرنگ آفیسرز نے اپنے اپنے علاقوں سے متعلق تین روزہ کارکردگی کے اعداد و شمار پیش کیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلا رہی ہیں، تاہم کچھ علاقوں میں ہدف کے حصول میں درپیش رکاوٹوں اور ٹیموں کو پیش آنے والے انتظامی و فنی مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل کو بغور سنا اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انکاری والدین کو قائل کرنے کے لیے مقامی معتبرین اور علمائے کرام کی خدمات لی جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ عمر بھر کی معذوری سے بچنے والے ان قطروں سے محروم نہ رہے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے ٹیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے جس میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مانیٹرنگ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں ٹیموں کی سخت نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں موجود ہر آخری بچے تک رسائی حاصل کی جائے۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مشترکہ کوششوں سے ہرنائی کو پولیو سے پاک ضلع بنایا جائے گا۔