لاہور۔13مئی (اے پی پی):پنجاب پولیس ملازمین کے تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ہونہار بچوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے۔
آئی جی پنجاب سے سی ایس ایس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی اسوہ خالد نے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق اسوہ خالد سنٹرل پولیس آفس میں تعینات اسسٹنٹ خالد محمود کی صاحبزادی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے اسوہ خالد کو سی ایس ایس امتحان میں کامیابی اور پولیس سروس آف پاکستان میں شمولیت پر بھرپور مبارکباد دی ۔
آئی جی پنجاب نے بیٹی کو اعلی تعلیم دلوانے پر اسسٹنٹ خالد محمود کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خالد محمود نے مشکل حالات کے باوجود بیٹی کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے قابلِ قدر جدوجہد کی۔
انہوں نے اسوہ خالد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیشہ ورانہ امور کو بہتر انداز میں سمجھتے ہوئے نئے آئیڈیاز کے تحت عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔
ترجمان کے مطابق اسوہ خالد نے ڈاکٹر آف ویٹرنری اینڈ میڈیسن کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے جبکہ سی ایس ایس میں کامیابی کے بعد انہوں نے پولیس سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی ہے۔