پنجاب فوڈ اتھارٹی کارروائی، 3 ہزار 75 کلوگرام بیمار اور مردہ مرغیاں،2 من سے زائد ایکسپائر خوراکی اشیا تلف کر دی گئیں

پنجاب فوڈ اتھارٹی کارروائی، 3 ہزار 75 کلوگرام بیمار اور مردہ مرغیاں،2 من سے زائد ایکسپائر خوراکی اشیا تلف کر دی گئیں

لاہور۔25مئی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے عزم کے تحت لاہور میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ہزار 75 کلوگرام بیمار اور مردہ مرغیاں جبکہ 2 من سے زائد ایکسپائر خوراکی اشیا تلف کر دیں۔ کارروائیوں کے دوران 31 فوڈ یونٹس، چکن شاپس، گوداموں اور سپلائرز کا معائنہ کیا گیا جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر ایک مقدمہ درج اور 2 لاکھ 83 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسی رضا کی ہدایت پر ٹولنٹن مارکیٹ اور پیکو روڈ کے علاقوں میں خصوصی آپریشن کیا گیا۔ اس دوران ایک گودام سے ایکسپائر کارن فلور، مصالحہ جات اور مصنوعی ذائقہ بڑھانے والے اجزا برآمد ہوئے جنہیں فوری طور پر تلف کر دیا گیا جبکہ جعلسازی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسی رضا نے بتایا کہ تلف کی جانے والی مرغیاں نزلہ، کم وزن اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں اور انہیں انسانی خوراک کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیمار مرغیاں ٹولنٹن مارکیٹ کی مختلف دکانوں پر سپلائی کی جانی تھیں، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے انہیں مارکیٹ تک پہنچنے سے روک لیا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ بیمار اور مردہ مرغیوں کے گوشت کی تیاری اور فروخت ایک سنگین جرم ہے جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مشکوک خوراکی اشیا یا غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔