پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ

پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ

لاہور۔20مئی (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل ضروری حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں دفعہ144 نافذ کر دی ہے۔ ترجمان مطابق چار قسم کی سرگرمیوں پر دفعہ144 کا نفاذ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں عوامی مقامات پر سری پائے جلانے، نہروں، دریائوں، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے، جانوروں کے فضلے کو مین ہول، نالیوں یا کینال میں پھینکنے اور نوٹیفائیڈ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی بھی مقام پر قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت پر دفعہ144 کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق صوبہ بھر میں دفعہ144 کے تحت پابندیوں کا اطلاق بدھ27 مئی سے منگل02 جون تک ہوگا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ144(6) کے تحت پابندی کے احکامات جاری کیے۔ ترجمان کے مطابق پابندیوں کا فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ، امن و سکون اور ماحول کی بہتری کیلئے کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ صوبہ بھر میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پوری مستعدی سے حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔