پشاور۔ 19 مئی (اے پی پی):تھانہ صدر بنوں پولیس نے ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اقدامِ قتل اور راہزنی کی واردات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔تر جمان بنوں پولیس کے مطابق 16 مئی کو مدعیِ نے تھانہ صدر پولیس کو رپورٹ درج کرواتے ہوئے بیان دیا کہ دو نامعلوم ملزمان اسے گندم لے جانے کے بہانے نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں اس کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اس پر فائرنگ کی گئی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ ملزمان اس کا زرنج لوڈر رکشہ، موبائل فون اور نقد رقم چھین کر فرار ہوگئے۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے فوری طور پر نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جس پر ایس ایچ او تھانہ صدر اللہ نواز خان کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نےکارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت شاہ فہداور رحم نوازکے ناموں سے ہوئی ہے۔ملزمان کے قبضے سے مدعی مقدمہ سے چھینا گیا زرنج لوڈر رکشہ، موبائل فون، 3 ہزار روپے نقد رقم اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے۔