پری مون سون سیزن، ریسکیو 1122 مری کی راول ڈیم پر واٹر ریسکیو مشقیں

پری مون سون سیزن، ریسکیو 1122 مری کی راول ڈیم پر واٹر ریسکیو مشقیں

راولپنڈی۔18مئی (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری نے پری مون سون سیزن کے پیش نظر راول ڈیم کے مقام پر خصوصی واٹر ریسکیو مشقوں کا انعقاد کیا۔ مشقیں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہدایات پر منعقد کی گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق ان مشقوں کا بنیادی مقصد مون سون کے دوران ممکنہ فلش فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور ڈوبنے کے واقعات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں کی پیشگی تیاری، فوری رسپانس اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔مشقوں کے دوران سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، تیز بہاؤ والے پانی میں امدادی کارروائیوں، ریسکیو بوٹس کے استعمال، لائف جیکٹس، سیفٹی آلات اور رسیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی عملی تربیت دی گئی۔

اس موقع پر تمام واٹر ریسکیو آلات اور ایمرجنسی مشینری کا تفصیلی معائنہ بھی مکمل کیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ریسکیو 1122 مری کے حکام کا کہنا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران تمام ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں گی جبکہ ڈیمز، آبشاروں، ندی نالوں اور دیگر ہائی رسک مقامات پر خصوصی نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

سیاحتی مقامات پر بھی اضافی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے کی صورت میں فوری امدادی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ریسکیو حکام نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر محفوظ مقامات پر نہانے، سیلفیاں لینے اور تیز بہاؤ والے پانی کے قریب جانے سے گریز کریں۔ والدین اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ریسکیو 1122 نے شہریوں کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔