پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل کے وائس چیئرمین مقرر

پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل کے وائس چیئرمین مقرر

حیدرآباد۔ 19 مئی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر کو نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل کا وائس چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ یہ تقرری ان کی زرعی تعلیم کے شعبے میں نمایاں تعلیمی قیادت اور خدمات کے اعتراف میں کی گئی ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کے منظوری کے بعد باضابطہ طور پر ہیک کوآرڈینیشن ڈویژن کی جانب سے اس قسم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر اس وقت سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن کے ڈین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں چار سال کی مدت کے لیے یہ ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

اس تقرری کو تعلیمی حلقوں میں پروفیسر ڈاکٹر راجپر کی علمی حیثیت کے اعتراف اور سندھ زرعی یونیورسٹی کے لیے ایک بڑے اعزاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے پروفیسر ڈاکٹر راجپر کو مبارکباد دیتے ہوئے اس تقرری کو یونیورسٹی کے لیے باعث فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب زرعی یونیورسٹی کے تدریسی عملے کی علمی برتری کا واضح ثبوت ہے اور اس سے ملک کی زرعی جامعات میں تعلیمی و تحقیقی قیادت کو مزید تقویت ملے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر نے اپنے ردعمل میں تقرری پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، محنت اور سنجیدگی کے ساتھ انجام دیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ نہ صرف سندھ زرعی یونیورسٹی بلکہ ملک کی تمام زرعی جامعات میں تعلیمی معیار، ایکریڈیٹیشن کے نظام اور زرعی تعلیم کی مجموعی بہتری کے لیے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں گے۔