پرنس رحیم آغا خان کے دورۂ گلگت بلتستان کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل، وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی،امیر مقام

پرنس رحیم آغا خان کے دورۂ گلگت بلتستان کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل، وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی،امیر مقام

گلگت۔ 15 مئی (اے پی پی):اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان کے متوقع دورۂ گلگت بلتستان کے سلسلے میں حکومتی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں جبکہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پرنس آغا خان 21 سے 25 مئی 2026 تک گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے جہاں وہ عوامی اجتماعات میں شرکت اور مختلف تقریبات سے خطاب کریں گے۔

دورے کے دوران انہیں ریاستی مہمان کا درجہ دیا جائے گا۔اسی ضمن میں جمعہ کے روز وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کو گلگت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں تفصیلی بریفننگ دی گئی جس کے مطابق پرنس رحیم کے اس دوران ہنزہ کے علاقے پاسو، گلگت سٹی، گاہکوچ بالا اور طاؤس یاسین میں بڑے اجتماعات متوقع ہیں جن میں ہزاروں افراد کی شرکت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں وفاقی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ انتظامیہ نے ممکنہ رش کے پیش نظر بعض مقامات پر ایک سے زائد سیشنز منعقد کرنے کی تجویز بھی زیر غور رکھی ہے۔ سیکیورٹی اور سفری انتظامات کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بلٹ پروف گاڑی کی فراہمی کی درخواست کی گئی ہے جبکہ متبادل روٹ کے طور پر بابوسر روڈ کو فوری طور پر فعال بنانے اور کوہستان کے حساس مقامات پر این ایچ اے کو الرٹ رکھنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔حکام کے مطابق شاہراہ قراقرم پر ناصر آباد برج سے سوست تک سڑک کی بہتری، ٹریفک کی روانی اور سیکیورٹی انتظامات کے لیے پولیس اور ایف ڈبلیو او کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ بالائی ہنزہ اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

زائرین کی سہولت کے لیے اضافی ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنے اور آمد و رفت کے اوقات میں خصوصی نرمی دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔اس اجلاس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور اسماعیلی ریجنل کونسل کے عہدیداران نے شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران اسماعیلی ریجنل کونسل کے نمائندوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وفاقی وزیر نے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ اداروں کو تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔