بیجنگ۔26مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین نوجوانوں کی ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی، صنعتی ترقی اور تکنیکی تعلیم پر مبنی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، یہ شراکت داری دونوں ممالک کی نوجوان نسلوں کے لیے ’’مواقع سے استفادہ کا دروازہ‘‘ ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ اپنے دورہ چین کے دوران گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کو ترقی اور مل کر کام کرنے کا خواہشمند دیکھنا حوصلہ افزا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں غیر ملکی دوروں کے دوران نوجوانوں سے ان کی خواہشات کو سمجھنے کے لیے باقاعدگی سے تبادلہ خیال کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی اور چینی نوجوان ایک جیسے عزائم اور نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے نوجوانوں کا اپنے مستقبل اور ترقی کے بارے میں سوچنے کے انداز میں کوئی فرق نہیں ہے۔بڑھتے ہوئے پاک چین تعلیمی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ میری بیٹی نے مغربی اداروں کی بجائے سمر اسکول پروگرام کے لیے پیکنگ یونیورسٹی کا انتخاب کیا۔ اس تجربہ نے دیرپا دوستی قائم کرنے میں مدد ،پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی کی عکاسی بھی کی۔عوام سے عوام کے روابط کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے طور پر انہوں نے 18 چینی طلباء کو رواں سال کے آخر میں پاکستان آنے کی دعوت دی تاکہ ملک کے تعلیمی اداروں، ثقافت اور معاشی ترقی کا خود تجربہ کر سکیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے ملک کی نوجوان آبادی کو ایک بڑا موقع قرار دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو مثبت انداز میں سرگرمیوں میں شامل کرنے اور ایسے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے وہ معاشرے میں نتیجہ خیز شراکت دار بن سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ’’ڈیجیٹل پاکستان‘‘ کے وژن کے تحت پیداواری روزگار، ڈیجیٹل تبدیلی اور تعلیمی اصلاحات پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے محمد شہباز شریف کے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کے دور میں شروع کیے گئے لیپ ٹاپ کی تقسیم کے اقدام کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے اور کیش لیس معیشت کی جانب بڑھنے کی کوششوں کے تحت اب تک پنجاب اور وفاقی سطح پر 1.6 ملین سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔