کراچی ۔25مئی (اے پی پی):پاکستان چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر تین بڑے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر یادگار تقاریب منعقد کی گئیں۔ تقاریب کا اہتمام علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیا گیا۔پیر کوترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے لاہور میں نائب قونصل جنرل کائو کے نے شرکت کی۔ ایئرپورٹ مینجر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مختلف سٹیک ہولڈر ایجنسیوں کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نائب قونصل جنرل کائو کے نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات آزمودہ اور وقت کے امتحان میں ثابت شدہ ہیں، ہم تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس صادق الرحمٰن کی قیادت میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ سمیر سعید، فنانس، ہیومن ریسورسز، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، کمرشل ڈائریکٹرز اور ائیرپورٹ مینجر سمیت پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ڈیپارچرز کے بزنس کلاس ایریا میں ایک خوبصورت تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں کیک کاٹنے، ائیرپورٹ مینجر کی تقریر، گروپ فوٹو سیشن، پاک چین دوستی کی ویڈیوز کی نمائش، دوستی کے گیتوں اور پاک چین جھنڈوں سے سجاوٹ شامل تھی۔ تقریب میں سی ایس او اے ایس ایف، اے ڈی، اے ڈی آئی بی، ایئر لائنز اور جی ایچ اے سٹیشن ہیڈز سمیت تمام سیکشنل ہیڈز نے شرکت کی۔ تینوں ایئرپورٹس پر منعقد ہونے والی یہ تقاریب پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ گہری دوستی، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہیں۔