پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر خصوصی تقریب

پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر خصوصی تقریب

کراچی ۔25مئی (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات کی تکمیل کے موقع پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوستی، اعتماد اور تعاون کے مضبوط رشتے کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

پیر کو ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس صادق الرحمان کی قیادت میں کیک کاٹا گیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ سمیر سعید، ڈائریکٹرز فنانس، ہیومن ریسورسز، ایئرپورٹس، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، کمرشل اور ائیرپورٹ مینجر سمیت دیگر پی اے اے حکام اور ایئرپورٹ عملہ بھی موجود تھا۔ تقریب میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ شراکت داری اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون، مشترکہ خوشحالی اور روشن مستقبل کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے دونوں برادر ممالک کے درمیان روابط اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔