اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، خلوص اور ہر آزمائش میں ساتھ نبھانے کی درخشاں مثال ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات صرف سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ یہ عوامی محبت، اعتماد اور دیرینہ شراکت داری پر مبنی مضبوط رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، استحکام اور قومی ترقی میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے ترقی، جدیدیت اور معاشی استحکام کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ عالمی امن، ترقی اور پائیدار خوشحالی کے لیے چین کی کاوشیں دنیا کے لیے مثبت مثال ہیں۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان میں معاشی سرگرمیوں، صنعتی ترقی اور جدید انفراسٹرکچر کے فروغ کا اہم ذریعہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اشتراک سے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون اور ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت پاکستان ریلویز کی کیرج فیکٹری میں جدید طرز کے کوچز تیار کیے جا رہے ہیں اور پاکستان ریلویز میں جدید کوچز کی مقامی تیاری پاک چین صنعتی تعاون اور مضبوط شراکت داری کا عملی ثبوت ہے۔وفاقی وزیر ریلوے کے مطابق پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی مستقبل میں مزید مضبوط اور نتیجہ خیز ثابت ہوگی جبکہ پاک چین تعلقات خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی نئی نسلوں کے لیے ترقی، اعتماد اور مشترکہ خوشحالی کا روشن پیغام ہے۔