راولپنڈی۔21مئی (اے پی پی):پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور وطن کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں 50 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 12 تمغہ بسالت سے نوازا گیا ہے۔
جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو عسکری اعزازات دینے کی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شہداء کے اہل خانہ، افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور وطن کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔تقریب میں 50 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 12 تمغہ بسالت عطا کیے گئے۔ بعد از شہادت دیئے جانے والے اعزازات شہداء کے اہل خانہ نے فخر اور وقار کے ساتھ وصول کیے۔
شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا دائمی فخر ہیں، ان کی عزت اور قربانی ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہے، ہمارے وطن کا امن اور سلامتی انہی کی عظیم قربانیوں اور فرض شناسی کا مرہون منت ہے۔
فیلڈ مارشل نے شہداء کے اہل خانہ کی استقامت، وقار اور ثابت قدمی کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی بے مثال قربانیوں اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔
پاکستان آرمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردوں کے خلاف ان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے حصول تک دہشت گردی کے خلاف جنگ قومی عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔