پاک فوج نے معرکہ حق میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، افواجِ پاکستان کی خدمات قابلِ فخر ہیں ، تحفظ ناموس رسالت محاذ

پاک فوج نے معرکہ حق میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، افواجِ پاکستان کی خدمات قابلِ فخر ہیں ، تحفظ ناموس رسالت محاذ

لاہور۔28اپریل (اے پی پی):تحفظ ناموسِ رسالت محاذ کے زیرِ اہتمام جامعہ رسولیہ شیرازیہ میں منگل کے روز منعقدہ اجلاس میں جید علما کرام نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے معرکہ حق میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے افواجِ پاکستان کی خدمات قابلِ فخر ہیں۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ30اپریل بروزجمعرات کوالحمرا ہال مال روڈ پر استحکام پاکستان کانفرنس آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پرمنعقد ہوگی، جس میں چیئرمین محاذ علامہ رضائے مصطفی نقشبندی،جامعہ نعیمیہ کے سر براہ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی،مولانا عبدالمصطفی ہزاروی،مولانا محمدعلی نقشبندی سمیت مدارس اہل سنت کے ناظمین،اساتذہ اورطلبہ کی کثیرتعداد شریک ہوگی۔تحفظ ناموسِ رسالت محاذ اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ ہم وطن عزیز کے دفاع، استحکام اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

علما کرام نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاک فوج نے ہر محاذ پر بہادری، عزم اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی دفاعی قوت مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاک افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔تحفظ ناموسِ رسالت محاذ کے عہدیداران نے کہا کہ افواجِ پاکستان نہ صرف ملکی سرحدوں کی محافظ ہیں بلکہ نظریاتی سرحدوں کے تحفظ میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ رہے گی۔بیان میں کہا گیا کہ خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کی کسی بھی کوشش کی مذمت کی جاتی ہے۔ اعلامیہ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ تاہم، قومی خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس کے شرکا نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ غازیوں کی جرات و بہادری کو سلام پیش کیا گیا۔ شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔