پاکستان کی گلوبل صمود فلوٹیلا سے کارکنوں کو حراست میں لینے کےاسرائیلی اقدام کی مذمت ، فوری رہائی کا مطالبہ

پاکستان کی گلوبل صمود فلوٹیلا سے کارکنوں کو حراست میں لینے کےاسرائیلی اقدام کی مذمت ، فوری رہائی کا مطالبہ

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پاکستان نے گلوبل صمود فلوٹیلا سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے کارکنوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لینے اور ان سے بدسلوکی کی مذمت کی ہے۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان بین الاقوامی سمندری حدود میں اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا کو غیر قانونی طور پر روکنے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے کارکنوں کو جبراً حراست میں لینے اور ان کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔زیر حراست افراد میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے سعد ایدھی بھی مبینہ طور پر شامل ہیں۔پاکستان نے تمام غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے اورعالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ زیر حراست افراد کی سلامتی، وقار اور بنیادی حقوق کو یقینی بنایا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دفتر خارجہ سعد ایدھی کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے اردن میں پاکستانی سفارتخانے سمیت خطے میں پاکستانی سفارتی مشنز سے مسلسل رابطے میں ہے۔