اقوام متحدہ۔22اپریل (اے پی پی):پاکستان نے کولمبیا میں آئندہ صدارتی انتخابات سے قبل امن اور استحکام کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندو ب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ 2016 کا امن معاہدہ کولمبیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے، جس پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔انہوں نے کولمبیا کی جانب سے امن معاہدے پر عملدرآمد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کولمبیا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے سابق جنگجوؤں اور سیاسی رہنماؤں کے خلاف تشدد کی مذمت کرتے ہوئے مسلح گروہوں پر زور دیا کہ وہ تشدد ترک کریں اور قومی قوانین کا احترام کریں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ 31 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوں گے اور ملک میں امن کے عمل کو مزید تقویت ملے گی۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے نمائندےمیروسلاف جینکا نے بھی تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان کو یقینی بنائیں اور امیدواروں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔