پاکستان کی چار سال کے وقفے کے بعد 500 ملین ڈالر کے یوروبانڈ کے اجرا کے ساتھ کامیابی سے بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں میں واپسی کی ہے، خرم شہزاد

پاکستان کی چار سال کے وقفے کے بعد 500 ملین ڈالر کے یوروبانڈ کے اجرا کے ساتھ کامیابی سے بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں میں واپسی کی ہے، خرم شہزاد

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان نے چار سال کے وقفے کے بعد 500 ملین ڈالر کے یوروبانڈ کے اجرا ءکے ذریعے کامیابی سے بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں میں واپسی کی ہے، جو جی ایم ٹی این (گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ) پروگرام کے تحت پرکشش شرائط پرجاری کیے گئے ہیں۔

جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ تین سالہ یوروبانڈ کو عالمی منڈیوں اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باوجود سرمایہ کاروں کی مضبوط طلب حاصل ہوئی، جو پاکستان کے معاشی منظرنامے پر بحال ہوتے اعتماد کا مظہر ہے۔ یہ بروقت اجراء پاکستان کی خودمختار پیداوار کے منحنی خطوط میں نئی لیکویڈیٹی کا اضافہ کرے گا، عالمی بانڈ مارکیٹ میں اس کی موجودگی کو مضبوط بنائے گا اور آئندہ مالیاتی لین دین کے لیے مؤثر قیمتوں کے تعین میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یورو بانڈ کے اجراء سےچار سال بعد عالمی منڈیوں میں کامیاب واپسی، ایک چیلنجنگ عالمی ماحول میں سرمایہ کاروں کی مضبوط دلچسپی، بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں میں پاکستان کی پوزیشن کا مزید مستحکم ہونا اور وسیع اور بھرپور پیداواری صلاحیت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ خرم شہزاد نے کہا کہ یہ لین دین سرمایہ کاروں کے بہتر ہوتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان کی فنڈنگ ذرائع میں تنوع اور پائیدار مارکیٹ موجودگی کی حکمت عملی میں اہم پیش رفت ہے۔ یہ سنگ میل فنانس ڈویژن، بالخصوص ڈیٹ مینجمنٹ ٹیم، کی منظم اور دوراندیش قرض حکمت عملی کے تسلسل کی بھی نشاندہی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوروبانڈ کے اجرا آئندہ کے لیے پاکستان عالمی منڈیوں سے روابط مزید گہرا کرے گا، جی ایم ٹی این اور انٹرنیشنل سکوک پروگرامز کے لیے مالیاتی مشیروں کی تقرری کے لیے درخواستیں جلد جاری کی جائیں گی، جبکہ پانڈا بانڈ پروگرام بھی اجرا کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام مضبوط ہونے، ساختی اصلاحات میں پیش رفت، ترقی کی رفتار میں بتدریج بہتری، آبنائے ہرمز کے کھلنے اور توانائی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پاکستان کی عالمی منڈیوں میں بروقت واپسی بہتر ہوتے معاشی بنیادی اشاریوں اور سرمایہ کاروں کے بحال اعتماد کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ معاشی منظرنامہ مستحکم سے مثبت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ایک مضبوط واپسی ہے جو اعتماد، ساکھ اور واضح پیش رفتی راستے کو مزید مضبوط بناتی ہے۔