لاہور۔13مئی (اے پی پی):پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی سنٹرل ایشین والی بال چمپئن شپ میں بھارت نے شرکت کی تصدیق کر دی۔ پاکستان والی بال فیڈریشن نے وزارت خارجہ سے ویزوں کے اجرا کے حوالے سے رابطہ کر لیا۔چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری یعقوب نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان جولائی میں انٹرنیشنل ایونٹ سنٹرل ایشین والی بال چمپئن شپ کی میزبانی کرئے گا جس میں پاکستان سمیت دس ممالک کی ٹیمیں حصہ لینگی، میزبان پاکستان کے علاہ بھارت، افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، قاذقستان، مالدیپ، کرغستان اور نیپال کی ٹیمیں چمپئن شپ میں ان ایکشن ہونگی۔
ہم نے وزارت خارجہ سے بھارتی والی بال ٹیم کو ویزوں کے اجرا کیلئے رابطہ کیا ہے، میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ مہمان ٹیموں کو ویزوں کا اجرا کرائے۔ چمپئن شپ 3 سے 10جولائی تک لاہور میں ہوگی۔ چوہدری یعقوب کا کہنا تھا کہ 55ویں نیشنل مینز والی بال چمپئن شپ 19 سے 23مئی تک پی او ایف واہ کینٹ میں ہوگی جس میں 16ٹاپ ٹیمیں شرکت کریں گی۔