اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں شاندار واپسی قابلِ تحسین ہے اور یہ ملک کی معیشت پر بحال ہوتے ہوئے عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ چار سال بعد پاکستان کا 50 کروڑ ڈالر کا یورو بانڈ جاری کرنا ایک بڑی کامیابی ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کی معیشت پر دوبارہ اعتماد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل عالمی معاشی حالات کے باوجود اس بانڈ کا کامیاب اجراء ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے ملک کی مالی ساکھ مزید مستحکم ہوئی ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دانشمندانہ پالیسیوں، بروقت فیصلوں اور مسلسل محنت کے باعث پاکستان نے عالمی مارکیٹس میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف موجودہ معاشی استحکام کی علامت ہے بلکہ مستقبل میں مزید بہتری کی امید بھی دلاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معیشت کی مضبوطی، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے، اور ایسے اقدامات سے ملک کو معاشی طور پر مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔