پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کے تناظر میں میڈیا کا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان

پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کے تناظر میں میڈیا کا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان

اسلام آباد / کراچی۔25اپریل (اے پی پی):قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کے تناظر میں میڈیا کا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہےاور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے حقائق پر مبنی رپورٹنگ وقت کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے میر شکیل الرحمٰن ایڈیٹر اِن چیف جنگ میڈیا گروپ و جیو ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے ایڈیٹر اِن چیف میر شکیل الرحمٰن کی جانب سے اپنی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی سیاسی صورتحال، میڈیا کے کردار اور جمہوری اقدار کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے ملک میں آزاد، ذمہ دار اورمتوازن صحافت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا جمہوری معاشرے کا ایک اہم ستون ہے جو عوامی آگاہی اور ریاستی اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کے تناظر میں میڈیا کا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہےاور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے حقائق پر مبنی رپورٹنگ وقت کی ضرورت ہے۔

میر شکیل الرحمٰن نے اس موقع پر مہمان کاخیرمقدم کرتے ہوئے میڈیا کے پیشہ ورانہ اصولوں، آزادیٔ اظہار اور ذمہ دارانہ صحافت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ ہمیشہ قومی مفاد، عوامی شعور کی بیداری اور جمہوری استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ملاقات میں اس بات پراتفاق کیا گیا کہ ریاستی اداروں اور میڈیا کے درمیان مثبت روابط اور باہمی احترام سے نہ صرف جمہوری نظام مضبوط ہوگا بلکہ قومی یکجہتی کو بھی فروغ ملے گا۔ملاقات کے اختتام پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور رابطوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔