اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کیلئے کام جاری ہے،پاکستان کرپٹو میں کئی ممالک سے بہت آگے ہے، ڈیجیٹل شعبے میں دنیا کے سرکردہ ممالک کے مد مقابل ہونا بڑی پیشرفت ہے۔ آنے والے وقت میں ہمیں اپنے بچوں اور نوجوان نسل کو مصنوعی ذہانت کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بات کرپٹو ڈیجیٹل اثاثہ جات سے متعلق عالمی پلیٹ فورم ”کرپٹو سلیٹ“ کی جانب سے کرپٹو کی دنیا میں پاکستان کو سرکردہ ممالک کے ہم پلہ قرار دیئے جانے سے متعلق پیش رفت پراپنے تاثرات کااظہارکرتے ہوئے کہی۔
پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی(پیورا) کی جانب سے منگل کویہاں جاری بیان کے مطابق کرپٹو ڈیجیٹل اثاثہ جات سے متعلق عالمی پلیٹ فورم ”کرپٹو سلیٹ“ کی نئی رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ کرپٹو کی دنیا میں پاکستان سرکردہ ممالک کے ہم پلہ ملک ہے۔کرپٹو سلیٹ نے اپنے تجزیہ میں پاکستان کی جانب سے ڈیجیٹل اثاثوں کی ریگولیشنز پورا کرنے کا بھی خاص طور پر ذکر کیا ہے ۔اس حوالے سے اپنے تاثرات میں پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود ٹیکنالوجی میں آگے ہے، ڈیجیٹل شعبے میں دنیا کے سرکردہ ممالک کے مد مقابل ہونا بڑی پیشرفت ہے۔
چیئرمین پیوارا نے بتایا کہ پاکستان کا کرپٹو ریگولیٹری ادارہ پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی (پیوارا) عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ پاکستان نے ریگولیٹڈ کرپٹو کمپنیوں کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دی ہے۔بلال بن ثاقب نے کہاکہ پاکستان کرپٹو میں کئی ممالک سے بہت آگے ہے اوراے آئی ایجنٹس کرپٹو کرنسی میں لاکھوں ڈالرز کی ادائیگیاں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آنے والے وقت میں ہمیں اپنے بچوں اور نوجوان نسل کو مصنوعی ذہانت کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا۔