پاکستان کا مدینہ منورہ میں پری حج آپریشن مکمل، 97 فیصد عازمین مکہ مکرمہ منتقل

پاکستان کا مدینہ منورہ میں پری حج آپریشن مکمل، 97 فیصد عازمین مکہ مکرمہ منتقل

خرم شہزاد

مدینہ منورہ۔19مئی (اے پی پی):پاکستان نے مدینہ منورہ کے لیے اپنا پری حج فلائٹ آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا جس کے تحت مجموعی طور پر 186 پروازوں کے ذریعے 46 ہزار 398 عازمین حج مقدس شہر پہنچے۔ مدینہ منورہ میں اپنا قیام، زیارات اور ریاض الجنہ میں حاضری مکمل کرنے کے بعد 97 فیصد عازمین آرام دہ بسوں کے ذریعے بحفاظت مکہ مکرمہ منتقل ہو چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ عازمین کی منتقلی کا عمل بھی بلا تعطل جاری ہے۔ حج مشن کی بہترین لاجسٹک مینجمنٹ کی بدولت مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ تک بین الشہری نقل و حمل (ٹرانسپورٹیشن)کے اوسط اخراجات کم ہو کر صرف 14 سعودی ریال فی عازم رہ گئے جو کہ سرکاری بچت کا نیا ریکارڈ ہے۔ ڈائریکٹر حج آپریشنز زاہد سہیل نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی )کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ پاکستان کے مختلف شہروں سے 186 پروازوں کے ذریعے کل 46 ہزار 398 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے۔

عازمین نے انتہائی پرامن اور باسہولت ماحول میں اپنا آٹھ روزہ قیام ، شارٹ پیکیج والے عازمین تین روزہ قیام اور مقامی زیارات مکمل کیں۔ قیام کی تکمیل کے بعد حج مشن نے جدید اور آرام دہ بسوں کے ذریعے تمام عازمین کی مکہ مکرمہ منتقلی کے لیے مرحلہ وار آپریشن کا آغاز کیا جس کے تحت اب تک 97 فیصد عازمین کامیابی سے منتقل کیے جا چکے ہیں۔ بڑی انتظامی کامیابی کو اجاگر کرتے ہوئے زاہد سہیل نے بتایا کہ حج مشن کی بہترین حکمت عملی اور کوآرڈینیشن کی بدولت ہر پاکستانی عازم حج کو مدینہ منورہ میں قیام کے دوران چار سے چھ مرتبہ مقدس ریاض الجنہ کی حاضری کا موقع ملا جو کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بے مثال کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام عازمین کو مسجد نبوی کے بالکل قریب مرکزیہ الیکٹرانک زون (مرکزیہ ڈسٹرکٹ) میں رہائش فراہم کی گئی تھی جس سے انہیں پانچوں وقت کی نمازیں آسانی سے ادا کرنے کی سہولت ملی۔انہوں نے بتایا کہ عازمین کو خالص پاکستانی مصالحوں سے تیار کردہ معیاری کھانا سخت کوالٹی کنٹرول میکانزم کے تحت فراہم کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم نے کیٹرنگ کمپنیوں کی کڑی نگرانی کی اور مستقبل میں کھانے کی تیاری کے کوٹے کا تعین مکمل طور پر ان کمپنیوں کی امسالہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

زاہد سہیل نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو کی براہ راست نگرانی اور ہدایات کے تحت حج مشن نے مدینہ منورہ میں 1 لاکھ 19 ہزار سے زائد بیڈز (رہائش گاہیں) مکمل شفافیت کے ساتھ حاصل کیے۔حج کے بعد (پوسٹ حج) کے مرحلے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر حج آپریشنز نے بتایا کہ جیسے ہی 72 ہزار سے زائد عازمین حج کے بنیادی مناسک کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ کا رخ کریں گے فیلڈ ٹیمیں اسی لگن اور جوش و جذبے کے ساتھ ان کا استقبال اور خدمت کریں گی۔ انہوں نے قوی امید ظاہر کی کہ حج 2026 حالیہ تاریخ کا سب سے مثالی اور بہترین انتظامات پر مشتمل آپریشن ثابت ہوگا۔