اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے اعلی سطحی وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا میں پارٹی کے تنظیمی معاملات اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد میں صوبائی صدر محمد علی باچا، جنرل سیکریٹری شجاع خانزادہ ، ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین فرزند علی وزیر , ڈویژنل صدر پی پی پی ایبٹ آباد ملک فاروق اور ضلعی صدر ایبٹ آباد سید سلیم شاہ شامل تھے۔وفد نے خیبرپختونخوا کو گندم کی بندش اور سی این جی اسٹیشنز کی بندش پر گورنر فیصل کریم کنڈی کے کردار اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں صوبہ کے متعدد ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پارٹی کے یوتھ ورکرز کنونشنز کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر نے مالاکنڈ اور پشاور میں کامیاب ورکرز کنونشن کے انعقاد پر صوبائی اور مقامی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا ۔ملاقات میں ہلال احمر خیبرپختونخوا کی جانب سے فلاحی سرگرمیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔