اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے زرداری ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیاسی و انتظامی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو خیبرپختونخوا کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے بریفنگ میں بتایاکہ خیبرپختونخوا میں گندم کی فراہمی میں مشکلات کے سبب عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا میں گندم کی فراہمی کے مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کریں اور خیبرپختونخوا میں گندم کی فراہمی کا مسئلہ حل کرکے مجھے فوری مطلع کریں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے بریفنگ میں کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر خیبرپختونخوا کے عوام کا گیس کی فراہمی کا مسئلہ حل کردیا ہے، گیس کی فراہمی میں تسلسل سے اب خیبرپختونخوا میں سی این جی اسٹیشن کی بندش ختم ہوچکی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے حقوق کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ کردار ادا کرنا چاہئیے۔