اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے جماعتی ٹکٹ جاری ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر کے پارلیمانی بورڈ نے ابھی تک جماعتی ٹکٹوں کا کوئی اعلان نہیں کیا،بعض میڈیا چینلز اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ افراد خلافِ حقائق خبریں چلا رہے ہیں،ہم سختی سے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہیں۔یہاں جاری بیان میں سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ امر ہمارے لیے باعث ِ تشویش ہے کہ میڈیا سے وابستہ بعض افراد جان بوجھ کر ریٹنگ کے چکر میں اپنے تجزیوں اور قیاس آرائیوں کو خبر کا رنگ دیکر صحافت کے بنیادی اصولوں اور اقدار کی نفی کر رہے ہیں۔