اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وینکوور میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے پاکستان-کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کے تعاون سے ’’پاکستان-کینیڈا انوویشن کوریڈور‘‘ نیٹ ورکنگ ایونٹ کی میزبانی کی ہے۔ہفتہ کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق، پوسٹ ویب سمٹ 2026 ایونٹ میں پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں، کینیڈا کے کاروباری افراد، میڈیا اور پاکستانی-کینیڈین کاروباری برادری نے شرکت کی ہے۔پاکستانی قونصل جنرل شہزاد حسین نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ویب سمٹ وینکوور 2026 میں پاکستان کی شرکت نے پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو شمالی امریکہ اور خاص طور پر کینیڈین مارکیٹ تک رسائی فراہم کی ہے۔انہوں نے وفد کی سرپرستی میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تعاون کا اعتراف کیا۔تجارت اور سرمایہ کاری کے مشیر التمش جنجوعہ نے شرکاء کو آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان اور کینیڈا کے تعاون کے امکانات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر جو اقتصادی ترقی اور برآمدی تنوع کا ایک اہم محرک ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ 2026 میں پاکستان کی آئی ٹی کل برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔شرکاء نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور اختراعی روابط کو مضبوط بنانے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔