لاہور۔10مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کا مرکز بن کر ابھرا ہے جبکہ مودی آج پوری دنیا میں رسوا ہو رہا ہے۔وہ ٹاؤن ہال لوئر مال لاہور میں منعقدہ “معرکہ حق بنیان مرصوص و استحکامِ پاکستان کانفرنس” سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی رسوائی ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے جبکہ پاکستان کا مورال بلند ہو رہا ہے،بھارت میں اقلیتوں پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے، لیکن پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ اور متحد ہیں۔پاکستان کا بچہ بچہ ملکی سلامتی و دفاع کے لیے تیار ہے اور ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔ ہمارا ازلی دشمن بھارت انتہائی عیار و مکار ہے،مگر ہم دشمن کی ہر چال کو بخوبی سمجھتے ہیں اور اس کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان و خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے فرمائی۔ اس موقع پر انتظامی افسران اور مذہبی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی، جن میں کمشنر لاہور مریم خان، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی لاہور محمد فیصل کامران، زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف شاہد حمید ورک، مفتی ڈاکٹر انتخاب نوری، بشپ ندیم کامران، علامہ زبیر احمد ظہیر، مفتی اسد عبید، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ کاظم رضا نقوی، مفتی رمضان سیالوی، قاضی عبدالغفار قادری، پنڈت بھگت لعل، مفتی فتح محمد راشدی، ڈاکٹر مختار احمد ندیم، مفتی کریم خان، مولانا عزیز الرحمن ثانی، پیر عثمان نوری، مفتی عاشق حسین، مولانا عبدالستار نیازی، علامہ نعیم بادشاہ،
مفتی محمد احمد، مفتی شفیق اعوان، مولانا عبیداللہ قادری، صاحبزادہ سید محمد عبدالقدیر آزاد، صاحبزادہ سید محمد عبدالبصیر آزاد، صاحبزادہ سید محمد عبدالرزاق آزاد اور پیر محمد شاہ حسین محمدی شامل تھے۔کانفرنس کے اختتام پر رمیش سنگھ اروڑہ اور تمام شرکا نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور سبز ہلالی پرچم لہرا کر وطن سے محبت کا عہد کیا۔ ہال “پاکستان زندہ باد” اور “افواجِ پاکستان پائندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھا،جس کے بعد ملکی سلامتی، استحکامِ پاکستان، اتحادِ عالمِ اسلام اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔