اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کے قومی منصوبے کو تیز کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان سنگل ونڈو اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے پیر کو ڈیجیٹل معیشت بہتری منصوبے کے تحت عوامی خدمات کی ڈیجیٹل تشکیل اور باہمی ربط کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ تقریب اس شراکت داری کا آغاز ہے جس کا مقصد دونوں اداروں کی فنی مہارت، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے اور ادارہ جاتی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں کے لیے آسان، مربوط اور عوام دوست ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنا ہے۔اس تعاون کے تحت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ بطور فنی شراکت دار پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ مل کر منتخب خدمات کی نشاندہی، خاکہ سازی، ڈیجیٹل تشکیل اور انہیں پاکستان کے متحدہ شہری خدماتی نظام میں شامل کرنے پر کام کرے گا۔
اس شراکت داری کی توجہ خدماتی ربط، دفتری طریقۂ کار میں بہتری، خودکار رابطہ نظام، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور شہری مرکز خدمات کی فراہمی پر ہوگی۔پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے کہا کہ پاکستان سنگل ونڈو میں ہمارا مقصد ہمیشہ ڈیجیٹل اعتماد کو فروغ دینا اور ان رکاوٹوں کو ختم کرنا ہے جو معاشی ترقی کی راہ میں حائل ہیں۔ اس منصوبے کے تحت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ یہ شراکت داری ہمیں بین الاقوامی تجارت میں حاصل ہونے والے تجربات کو وسیع تر ڈیجیٹل معیشت میں بروئے کار لانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عوام دوست ترتیب پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہم ایسے ڈیجیٹل عوامی نظام کی تشکیل میں کردار ادا کر رہے ہیں جو سرکاری خدمات کو صرف ایک کلک کی دوری پر لے آئے گا۔
ڈی ای ای پی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر فیصل ممتاز نے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان میں مربوط اور شہری مرکز ڈیجیٹل نظام کی تشکیل کے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے ہم حکومتی اداروں کو خدمات کی فراہمی جدید خطوط پر استوار کرنے، محفوظ معلوماتی تبادلے اور شہریوں کے لیے ہموار ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کرنے کے قابل بنا رہے ہیں۔ پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ تعاون ہمیں عملی مہارت فراہم کرے گا جس سے اہم عوامی خدمات کو ایک متحدہ ڈیجیٹل نظام میں تیزی سے شامل کرنے میں مدد ملے گی، اور اس کے نتیجے میں رسائی، کارکردگی اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔یہ تعاون ڈیجیٹل معیشت بہتری منصوبے میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
عالمی بینک کے تعاون سے جاری یہ منصوبہ مربوط حکومتی و شہری خدمات کے ذریعے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ پاکستان سنگل ونڈو کی عملی مہارت اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے وفاقی دائرہ کار کو یکجا کرتے ہوئے پاکستان ڈیجیٹل گورننس اور جامع معاشی ترقی میں ایک علاقائی مثال قائم کر رہا ہے۔