اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وزارت ریلوے کے ترجمان بابر علی رضا نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کا ایم ایل ون منصوبہ ملک کے ریلوے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کا ایک اہم جزو ہے، جو تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور اس سے ٹریک سسٹمز اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے۔ جمعہ کے روز ایک مقامی میڈیا چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان علی رضا نے پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ بروقت تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ملک کے ریلوے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے جس کے تحت نیٹ ورک کے تحفظ ، رفتار اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے نمایاں بہتری لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ریلوے ٹریکس اور دیگر آپریشنل مسائل پر فعال طور پر کام جاری ہے اور یہ مسائل جلد حل کر لیے جائیں گے کیونکہ منصوبہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایل ون کی تکمیل کے بعد پاکستان ریلوے کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور مسافروں اور مال برداری دونوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ٹرینوں اور رولنگ اسٹاک کی ریئل ٹائم ٹریکنگ کے لیے ’ریل ٹیگ سسٹم‘ متعارف کرایا گیا ہے جس سے شفافیت اور آپریشنل کارکردگی میں اضافہ ہوگا ، بڑے اسٹیشنوں پر فری وائی فائی فراہم کی گئی ہے اور مسافروں کی سہولت کے لیے اے ٹی ایمز بھی نصب کیے گئے ہیں۔