لاہور۔21مئی (اے پی پی):پاکستان ریلویز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کی اضافی آمدورفت کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں کے درمیان تین خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کوبہتر، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ترجمان کے مطابق پہلی خصوصی ٹرین24 مئی کو کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی، دوسری خصوصی ٹرین اسی روز کراچی سٹی سے راولپنڈی جبکہ تیسری خصوصی ٹرین 25 مئی کو کراچی کینٹ سے لاہور کے لیے روانہ کی جائے گی۔ خصوصی ٹرینیں ملتان، ساہیوال، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، روہڑی، بہاولپور، خانپور، جہلم اور دیگر اہم اسٹیشنوں سے گزریں گی تاکہ ملک بھر کے زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔خصوصی ٹرینوں میں اکانومی کلاس کوچز اور پاور وین شامل ہوں گی تاکہ عید کے رش کے دوران زیادہ تعداد میں مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ پاکستان ریلویز انتظامیہ نے متعلقہ ڈویژنز کو خصوصی ٹرینوں کے بروقت اور موثر آپریشن کے لیے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان کے مطابق ٹرینوں کی رفتار سیکشنل اسپیڈ کے مطابق رکھی جائے گی تاہم یہ 105 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز نہیں کرے گی۔ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ باقاعدہ اور درست ٹکٹ کے ساتھ سفر کریں اور رش سے بچنے کے لیے پیشگی ریزرویشن کو ترجیح دیں۔ پاکستان ریلویز عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔