پاکستان دنیا میں امن، استحکام اور مکالمے کے ذریعے مسائل کے حل کا خواہاں ہے،سردار ایاز صادق

پاکستان دنیا میں امن، استحکام اور مکالمے کے ذریعے مسائل کے حل کا خواہاں ہے،سردار ایاز صادق

استنبول۔17اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات اور سفارتی روابط کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں امن، استحکام اور مکالمے کے ذریعے مسائل کے حل کا خواہاں ہے۔ وہ استنبول میں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 152ویں جنرل اسمبلی اجلاس میں پاکستان کے پارلیمانی وفد کی قیادت کے سلسلے میں آمد کے موقع پر مختلف ممالک کے اسپیکرز اور وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

اجلاس میں 183 رکن ممالک میں سے 136 سے زائد پارلیمانوں کی نمائندگی موجود ہے، جہاں’’امید کو فروغ دینا، امن کو یقینی بنانا اور آئندہ نسلوں کے لیے انصاف فراہم کرنا‘‘کے موضوع پر غور کیا جا رہا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی امن کوششوں کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی ہے، خصوصاً ایران اور امریکہ کو گزشتہ 47 برس بعد مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔

مختلف ممالک کے پارلیمانی رہنماؤں نے سردار ایاز صادق اور پاکستانی وفد کو مبارکباد پیش کی۔ سردار ایاز صادق نے وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ خلیجی ممالک اور ایران کے پارلیمانی وفود سے اہم ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف اقدامات سے گریز کریں اور خطے میں ہم آہنگی کے فروغ کے لیے صبر اور دانشمندی کا مظاہرہ کریں۔

اس موقع پر عمان کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر خالد المعاولی، قطر کی شوریٰ کونسل کے اسپیکر حسن بن عبداللہ الغنیم، متحدہ عرب امارات کی فیڈرل نیشنل کونسل کے اسپیکر صقر غباش، بحرین کی کونسل آف ریپریزنٹیٹوز کے اسپیکر احمد بن سلمان المسلم اور ایرانی پارلیمانی وفد کے سربراہ و سابق وزیر خارجہ منوچہر متکی نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ قطری اسپیکر سے ملاقات میں پاکستان کی امن کاوشوں کو تاریخی قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ ان اقدامات سے امت مسلمہ میں اتحاد کو فروغ ملا ہے۔

دونوں جانب سے خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور مذاکرات پر زور دیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے خلیجی ممالک بشمول بحرین اور متحدہ عرب امارات پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان تنازعات سے دشمن قوتیں، بالخصوص اسرائیل، فائدہ اٹھا رہی ہیں، جو امت مسلمہ کے مفاد میں نہیں۔ ایرانی وفد کے سربراہ منوچہر متکی نے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم اس کردار کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

اسپیکر ایاز صادق نے ایرانی قیادت کو دانشمندی سے کام لینے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسلم دنیا میں اتحاد کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ ادھر کفایت شعاری مہم کے تحت پاکستانی پارلیمانی وفد محدود ارکان پر مشتمل ہے، جس میں سینیٹر طلحہ محمود، سینیٹر امین چشتی، ڈاکٹر شرمیلا فاروقی، اسد عالم نیازی اور فرحان چشتی شامل ہیں، جبکہ وفد کے ارکان اپنے دورے کے اخراجات خود برداشت کر رہے ہیں۔