اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔یہ بات انہوں نے جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو فون کیا اور ان سے اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی نے جنگ بندی اور مذاکرات کے انعقاد میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔ انہوں نے امن قائم کرنے کے عمل کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور اسے علاقائی استحکام اور عالمی توانائی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا۔ وزیرِ اعظم نے جاپانی ہم منصب کی نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکا اور ایران کے وفود کے اسلام آباد میں ہونے والے تفصیلی مذاکرات پر شکر گزار ہیں اور پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ وزیرِ اعظم نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا جسے جاپانی وزیرِ اعظم نے بھی سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔