پاکستان-ترکیہ مشترکہ کمانڈو اور سپیشل فورسز مشق جناح-XIII کا کامیابی کے ساتھ ترکیہ میں انعقاد

پاکستان-ترکیہ مشترکہ کمانڈو اور سپیشل فورسز مشق جناح-XIII کا کامیابی کے ساتھ ترکیہ میں انعقاد

راولپنڈی۔16اپریل (اے پی پی):پاکستان-ترکیہ مشترکہ کمانڈو اور سپیشل فورسز مشق جناح-XIII کامیابی کے ساتھ ترکیہ میں منعقد کی گئی جس کا محور انسداد دہشت گردی آپریشنز تھے۔

پاک فوج کے دستوں نے اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ شرکت کی جبکہ تربیتی سرگرمیاں انقرہ اور اسپارٹا میں انجام دی گئیں۔

جمعرات کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق اس مشق نے اپنے تمام تربیتی اور عسکری سفارتی اہداف کامیابی سے حاصل کیے۔ دونوں ممالک کے فوجیوں نے پوری مشق کے دوران پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیت کے اعلیٰ ترین معیار کا مظاہرہ کیا۔

اس مشق کا بنیادی مقصد انسداد دہشت گردی آپریشنز سے متعلق مشقوں، طریقہ کار اور تکنیکوں کو مزید بہتر بنانا تھا۔ خاص طور پر شہری علاقوں میں لڑائی اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈیز) کے تدارک پر مشترکہ تربیت کے ذریعے زور دیا گیا۔

مزید برآں اس مشق نے دونوں دوست ممالک کے درمیان دیرینہ اور تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔