اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے )کی جانب سے ائیرپورٹ پر خواتین ملازمین کی سہولت کے لئے اہم اقدام کے طور پر ڈے کیئر سینٹر کی سہولت فراہم کر دی گئی ۔ منگل کو ترجمان پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہیڈکوارٹرز کے بعد جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بھی ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ بیگم ائیر وائس مارشل ذیشان سعید ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بے بی ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کیا۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر قائم ڈے کیئر سینٹر تمام ملازمت پیشہ ماؤں کے بچوں کے لئے دستیاب ہوگا۔ تین ماہ سے تین سال تک کے بچوں کو ڈے کیئر سینٹر میں داخلے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ڈے کیئر سینٹر ابتدائی مرحلے میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک فعال رہے گا۔ مستقبل قریب میں ڈے کیئر سینٹر کو چوبیس گھنٹے فعال بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ ایئرپورٹ منیجر اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دیگر اعلیٰ حکام افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔ ڈے کیئر سینٹر کے قیام سے کام کرنے والی ماؤں کو بچوں کی نگہداشت میں سہولت میسر آئے گی۔