پاکستان اور کویت کا پٹرولیم اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ، سٹریٹجک سٹوریج کے قیام سے متعلق نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق

پاکستان اور کویت کا پٹرولیم اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ، سٹریٹجک سٹوریج کے قیام سے متعلق نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):پاکستان اور کویت نے پٹرولیم اور توانائی کے شعبوں بالخصوص ریفائننگ میں تعاون کے فروغ اور پاکستان میں سٹریٹجک سٹوریج کے قیام سے متعلق نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے جو دونوں ممالک کے لیے باہمی طور پر مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق اس عزم کا اظہار وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں تعینات کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن المطیری نے یہاں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال، توانائی کے شعبے میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کویت کی حکومت کا بروقت سہولت کاری اور تعاون پر شکریہ ادا کیا جس کے نتیجے میں ڈیزل سپلائی لے کر آنے والا بحری جہاز خیرپور بحفاظت پاکستان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد کویت سے خصوصی منظوریوں کے تحت یہ جہاز تقریباً 45 ہزار ٹن ڈیزل اور 10 ہزار ٹن جیٹ فیول کویت سے پاکستان لے کر آیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے تاہم جاری تنازع کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ اس سے باہر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مشترکہ کاوشوں سے بحری جہاز بحفاظت پاکستان پہنچا جس سے ملک میں ایندھن کی مسلسل فراہمی اور قومی توانائی ضروریات کو برقرار رکھنے میں مدد ملی۔ کویتی سفیر المطیری نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کویت پاکستان کے برادر عوام کی جانب سے خطے میں امن کے لیے تعمیری کردار کے تسلسل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ذمہ دارانہ موقف کے ذریعے خود کو ثابت کیا ہے اور اب عالمی برادری میں پاکستان کو ایک نئے اور بلند مقام سے دیکھا جا رہا ہے۔