اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان باہمی دوستی اور تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر 20 تا 21 مئی 2026 کو قومی اسمبلی کے زیر اہتمام تقریبات منعقد ہوں گی جس میں چین کی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین چائی ڈافینگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی چینی پارلیمانی وفد شرکت کرے گا۔ منگل کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق چینی وفد کا یہ دورہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے۔
یہ دورہ ایسے اہم وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی سطح خاص طور پر خطے میں متعدد چیلنجز درپیش ہیں اور یہ پاکستان و چین کے عالمی امن کے فروغ کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ پاک-چین آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی پائیدار مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط، باہمی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ دورے کے دوران چینی وفد قومی اسمبلی کے سپیکر، پارلیمانی رہنماؤں اور دیگر معزز شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا۔
اس موقع پر پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے قومی اسمبلی میں خصوصی قرارداد، ثقافتی تقریبات اور تصویری نمائش سمیت متعدد یادگاری سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ دونوں ممالک کی تاریخی دوستی کو منایا جا سکے۔ یہ دورہ پارلیمانی سفارتکاری کو مزید مستحکم بنانے اور پاکستان و چین کے درمیان اعتماد اور علاقائی تعاون پر مبنی لازوال دوستی کی توثیق میں اہم کردار ادا کرے گا۔