لاہور۔28اپریل (اے پی پی):سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ پاکستان اور پنجاب کیلئے بڑا اعزاز ہے کہ لاہور خطے کا پہلا “چائلڈ فرینڈلی سٹی” ہو گا۔ لاہور کو “بچوں کیلئے محفوظ اور سازگار شہر” قرار دینے کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں اور اقوامِ متحدہ ادارہ برائے اطفال لاہور کیلئے باقاعدہ سرٹیفکیٹ جاری کریگا۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے یونیسیف چیف فیلڈ آفیسر رمیز بہبودوف سے ملاقات میں کیا ۔ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق ملاقات میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل سیکرٹری عاصمہ اعجاز چیمہ، ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن ندیم اختر، چائلڈ پروٹیکشن آفیسر یونیسیف زاہدہ منظور اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پنجاب بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے جامع چائلڈ پروٹیکشن پالیسی منظور کرنے والا پاکستان کا پہلا صوبہ ہے۔
خواتین اور بچوں کا تحفظ وزیراعلی پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور بچوں پر تشدد، زیادتی اور استحصال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ بچوں کے تحفظ کیلئے “گڈ ٹچ بیڈ ٹچ” آگاہی مہم چلا رہا ہے۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں بچوں کو محفوظ شیلٹر، خوراک، تعلیم اور صحت کی سہولیات کیساتھ نفسیاتی اور قانونی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 19 نئے چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس سے انکی مجموعی تعداد 36 ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بچوں کیلئے محفوظ اور باوقار معاشرے کے قیام کیلئے مصروف عمل ہے۔ یونیسیف چیف فیلڈ آفیسر رمیز بہبودوف نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے بچوں اور خواتین کے تحفظ کیلئے مثالی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا زیورِ تعلیم منصوبہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس سے بچیوں کی سکول انرولمنٹ میں اضافہ ہوا۔ انکا کہنا تھا کہ لاہور اور ان کا شہر نخچیوان جڑواں شہر ہیں اور وہ لاہور آ کر دلی خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق لاہور کو خطے کا پہلا “چائلڈ فرینڈلی سٹی” قرار دینے کیلئے مئی کے پہلے ہفتے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہونگے۔