پاکستان امن کو ترجیح دیتےہوئے اپنی سفارتی صلاحیتوں کو مثبت نتائج کے لیے بروئے کار لاتا رہے گا، سینیٹر شیری رحمان

پاکستان امن کو ترجیح دیتےہوئے اپنی سفارتی صلاحیتوں کو مثبت نتائج کے لیے بروئے کار لاتا رہے گا، سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان امن کو ترجیح دیتےہوئے اپنی سفارتی صلاحیتوں کو مثبت نتائج کے لیے بروئے کار لاتا رہے گا، اسلام آباد ٹاکس کے 21 گھنٹے طویل مذاکرات دراصل ایک طویل سلسلے کی پہلی قسط تھے، کسی فوری بریک تھرو کی توقع نہیں ہونی چاہیے۔

اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد نے فریقین کو محفوظ ماحول، اسٹریٹجک اعتماد اور تاریخی موقع فراہم کیا تاکہ برف پگھلنے کا آغاز ہو،پہلی ملاقات میں حتمی معاہدے کی توقع غیر حقیقی ہے جیسے ایران-امریکہ جوہری ڈیل میں 20 ماہ لگے ۔

شیری رحمان نے کہا کہ سفارتکاری صبر، اعتماد سازی،اسپائلرز سے تحفظ اور جنگ سے نکلنے کے سیاسی عزم کا تقاضا کرتی ہے،پاکستان نے کشیدہ صورتحال میں فریقین کو ایک محفوظ راستہ فراہم کیا، سول و عسکری قیادت نے دن رات کام کر کے عالمی اعتماد کو بروئے کار لاتے ہوئے مذاکرات کو ممکن بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایجنڈا بنانے میں مدد دے سکتا ہے مگر نتائج کی ضمانت نہیں دے سکتا،سیز فائر خود ایک بڑی پیش رفت ہے، ایسے ماحول میں خلاف ورزیاں غیر معمولی نہیں ہوتیں،دنیا کو چاہیے کہ اس اسٹریٹجک وقفے کو وقت دے تاکہ تہران اور واشنگٹن غور و فکر کر سکیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان امن کو ترجیح دیتےہوئے اپنی سفارتی صلاحیتوں کو مثبت نتائج کے لیے بروئے کار لاتا رہے گا۔