لاہور۔10مئی (اے پی پی):پاکستان میں جاپان کے سفارتخانہ کے قونصلر اور ہیڈ آف کلچر اینڈ پبلک انفارمیشن کازوماسا تاکانے کہا ہے کہ پاکستان جاپان سوشیو اکنامک ایسوسی ایشن (پی جے ایس اے) پاکستان میں نوجوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جاپانی زبان کی تعلیم اور ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
وہ اتوار کو یہاں ساکورا ٹی ٹائم تقریب2026 سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پی جے ایس اے جاپانی زبان، ورک ایتھکس، نظم و ضبط اور تکنیکی تربیت کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کے لیے جاپان میں روزگار اور تعلیمی مواقع پیدا کر رہی ہے جبکہ میرٹ اسکالرشپس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر صدر پی جے ایس اے ستارہ عارف نے کہا کہ ادارہ وفاقی وزارتِ تعلیم،جاپان ایمبیسی، پاکستان جاپان بزنس فورم اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے نوجوانوں میں جاپانی فلسفہ اکیگائی،اخلاقیات اور نظم و ضبط کو فروغ دے رہا ہے۔
مراساکی جاپانی لینگویج اسکول کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عثمان اختر نے کہا کہ پاکستانی طلبہ میں جاپانی زبان سیکھنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے،جس سے جاپان میں تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ تقریب میں صبا ارسلان، ساجد حبیب، مہر کاشف یونس اور نعمان اختر سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی۔طلبہ نے جاپانی گیت اور فوٹوگرافی مقابلوں میں حصہ لیا جبکہ آخر میں نمایاں شرکا میں شیلڈز اور یادگاری تحائف تقسیم کیے گئے۔