سیالکوٹ ،24 مئی (اے پی پی):مارخور پاکستان کے تحفظ ، سلامتی ،وقار، بہادری ،بلند حوصلے اور مرگ دشمن کی علامت سمجھا جاتا ہے ، اس کے اوصاف آج پاکستانی دفاعی ، قومی سلامتی، کامیاب سفارتکارانہ پالیسیوں میں نمایاں نظر آتے ہیں، فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت میں مارخور کے نشان کےساتھ پاکستانی مسلح افواج اور قومی سلامتی کے ادارے ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنی افواج ، عسکری قیادت اور مار خور کے نشان پر فخر کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مارخور کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حساس ادارے کا نشانِ مارخور دنیا بھر میں جرات، ذہانت، چوکسی اور دشمن کے خلاف بھرپور جارہانہ کاروائیوں کی صلاحیت کا نشان سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی انٹیلیجنس اداروں نے دہشت گردی کے خاتمے، قومی سلامتی کے تحفظ دشمن کی سازشیں ناکام بنانے میں بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں جنہیں دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی قومی شناخت، قدرتی ورثے اور دفاعی اداروں پر فخر کرتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ پاکستان مزید مضبوط و مستحکم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ مارخور کا عالمی دن پاکستان کے لئے باعث اطمینان و افتخار ، پاکستان کی قدرتی خوبصورتی، جرات و استقامت کی علامت ہے ، آج اقوامِ عالم میں مارخور کی بڑھتی پذیرائی پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مارخور کی اہمیت تسلیم کیا جانا اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان قدرتی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اقوام عالم کی بقا کا ضامن ہے۔