پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کاچینی شہر یانگژو کا دورہ

پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کاچینی شہر یانگژو کا دورہ

یانگژو۔25اپریل (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے 23 تا 24 اپریل 2026 کے دوران صوبہ جیانگسو کے تاریخی، صنعتی طور پر ترقی یافتہ اور ثقافتی لحاظ سے مالا مال شہر یانگژو کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد زراعت، توانائی، نئی ٹیکنالوجیز، کیمیکل انجینئرنگ کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری، تجارت اور فنی تربیت کے تعاون کو مزید فروغ دینا اور عوامی سطح پر روابط کو وسعت دینا ہے۔بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفیر نے پارٹی سیکریٹری وانگ جنجیان اور میئر ژینگ ہیتاؤ سے ملاقات کی۔

انہوں نے یانگژو میں قائم معروف کمپنی FAMSUN کا بھی دورہ کیا جو مربوط زرعی ٹیکنالوجی اور مصنوعات کے حل فراہم کرتی ہے۔ خلیل ہاشمی نے FAMSUN کے زیرِ اہتمام منعقدہ فورم میں نمایاں زرعی کمپنیوں کے ساتھ تفصیلی گفتگو اور تبادلۂ خیال بھی کیا۔یانگژو کی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران سفیر خلیل ہاشمی نے پنجاب-جیانگسو سسٹر صوبہ تعاون کے موجودہ نظام کو مؤثر طریقے سے استعمال کرتے ہوئے بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کے فروغ، باقاعدہ سرمایہ کاری روڈ شوز کے انعقاد اور کاروباری اداروں کے باہمی دوروں کو سہل بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نئی ٹیکنالوجیز، نئے مواد، زرعی جدیدکاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، آٹوموبائل اور تعمیراتی صنعتوں کے ساتھ ساتھ بیٹری اور اسٹوریج سسٹمز کے شعبوں میں یانگژو کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے۔

انہوں نے یانگژو کی کمپنیوں کو اگلے ماہ ہانگژو میں منعقد ہونے والی آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی B2B سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے یانگژو، بیجنگ اور پاکستان میں مشترکہ طور پر سرمایہ کاری روڈ شوز کے انعقاد اور پاکستان کے دوروں میں سہولت فراہم کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔فیمسن کے دورے کے دوران کمپنی کے صدر چن ژینگ جن نے پاکستانی سفیر اور ان کے وفد کا استقبال کیا اور انہیں کمپنی کے جدید اسمارٹ پارک کے بارے میں بریفنگ دی، جو وسائل، توانائی کے استعمال اور ماحولیاتی پائیداری کو مؤثر طریقے سے بہتر بناتا ہے۔

سفیرخلیل ہاشمی نے پاکستان میں فیمسن FAMSUN کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو سراہا اور کمپنی کو زرعی جدیدکاری، ایگرو پراسیسنگ، ڈیری مصنوعات اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں مزید شراکت داری بڑھانے کی ترغیب دی۔پاکستانی سفیر نے 24 اپریل 2026 کو چین-پاکستان زرعی جدیدکاری اور غذائی تحفظ انوویشن تعاون فورم میں بھی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے زرعی شعبے کی تبدیلی کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا، جس میں میکانائزیشن، مضبوط سپلائی چینز، بہتر بیجوں کی تیاری، مائیکرو فنانسنگ اور مہارتوں کی ترقی شامل ہیں۔

انہوں نے چینی کمپنیوں کو خاص طور پر پریسیژن ایگریکلچر، کولڈ چین لاجسٹکس، ڈیجیٹل فارمنگ اور ڈیری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔فورم میں Irritech، Zoomlion اور FAMSUN کے سینئر نمائندگان نے تفصیلی پریزنٹیشنز دیں، جن کے بعد ایک جامع تبادلۂ خیال کا سیشن ہوا۔انہوں نے پاکستان کی ترجیحات، منصوبوں اور چینی کمپنیوں کے ساتھ ٹیکنالوجی، مالیاتی اور انتظامی وسائل کے ذریعے زرعی اور صنعتی ویلیو چینز کی ترقی میں شراکت داری کی خواہش کا اظہار کیا۔

یانگژو ایک متحرک شہر ہے جس نے صنعتی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور ثقافتی ورثے کے فروغ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جبکہ اپنی منفرد خوراک اور سیاحتی وسائل کو بھی فروغ دیا ہے۔ یہ شہر گرینڈ کینال اور دریائے یانگتزے کے سنگم پر واقع ہے۔ تقریباً پچاس لاکھ آبادی کے حامل اس شہر میں چھ بڑے صنعتی کلسٹرز قائم ہیں اور یہ 100 ارب ڈالر سے زائد جی ڈی پی اور 140 ارب ڈالر سے زیادہ صنعتی فروخت کے ساتھ ایک اہم صنعتی اور سیاحتی مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔